
امریکی ایجنٹ چین اور دیگر ممالک سے یورپ اور کینیڈا کے لئے ماسکس کی شپمنٹ کو امریکا بھجوا نے لگے، امریکی قذاقی پر جرمنی،فرانس اور کینیڈا سخت برہم
امریکا کی کمپنیوں میں تیار ماسک اور دوسرے طبی سامان کو ضبط کرنے کیلئے دفاعی ایکٹ کا استعمال، جرمن حکومت نے امریکی کرتوتوں کو جدید قزاقی کا ایک فعل قراردیدیا
برلن/پیرس (نیو ز ڈیسک) امریکا نے اپنے ملک میں ماسک، وینٹی لیٹرزاور دوسرے طبی سامان کی قلت کو دور کرنے کیلئے باقاعدہ ڈاکے مارنے شروع کردئے ہیں،امریکی ایجنٹ چین اور دیگر ممالک سے یورپ اور کینیڈا کے لئے برآمد ہونے والے ماسکس کی شپمنٹ کو امریکا بھجوا نے لگے، امریکی قذاقی پر جرمنی،فرانس اور کینیڈا نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے،امریکا نے سب سے پہلے جرمنی کی جانب سے آرڈر کئے گئے دو لاکھ ماسک کی کھیپ پر بینکاک میں ہاتھ صاف کیا، جرمن حکومت نے امریکی کرتوتوں کو جدید قزاقی کا ایک فعل قراردیدیا، وزیر داخلہ نے امریکا سے وضاحت مانگ لی،امریکی کمپنیوں کے گروپ تھری ایم نے جرمنی کے الزامات کو مسترد کر دیا،ادھر چین میں ایک امریکی ایجنٹ نے ماسک، دستانوں اور وینٹی لیٹر کی کھیپ کو اس وقت تین گنا قیمت پر خرید لیا جب اسے فرانس بھیجنے کیلئے جہاز پر چڑھایا جارہا تھا، فرانس نے امریکا سے اس معاملہ پر شدید احتجاج کیا ہے، ادھر ٹرمپ انتظامیہ نے دفاعی ایکٹ کے تحت امریکی کمپنیوں میں یورپ اور دوسرے ممالک کے لئے بنائے جانے والے ماسک،دستانے اور دیگر طبی سامان ضبط کرنے کا حکم دیدیا ہے، امریکی حکومت کا موقف ہے کہ اس سامان کی امریکا کو زیادہ ضرورت ہے لہذا اسے برآمد نہیں کیا جاسکتا، کینیڈا کے ماسک کی کھیپ ضبط کرنے پر وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سخت ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ لگتا ہے امریکا کو ماسک کی زیادہ ضرورت ہے لیکن کینیڈا کی طلب بھی کم نہیں ہے۔


































