
مکہ : امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر بندر بن عبدالعزیز بلیلہ نے مسلمانوں کو آپس میں مساوات اور ہمدردی کے تعلقات قائم رکھنے، اللہ کی عبادت اور والدین کے ساتھ احسان کرنے کی نصیحت کی ہے۔ مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے امام کعبہ نے کہا کہ امت کو چاہیے ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے۔ اللہ کی رحمت سے وہی مایوس ہوتا ہے جو گمراہ ہو چکا ہو۔ اللہ نے فرمایا میری رحمت میرے عذاب پر غالب ہے۔ اللہ نے والدین کے ساتھ بھلائی کا راستہ اختیار کرنے کا حکم دیا، اللہ کا حکم ہے کہ والدین کے بعد رشتے داروں سے اچھا رویہ اختیار کرو۔ تمارے لئے کتاب کو بھیجا گیا ہے تاکہ تم ہدایت پاؤ اور اللہ جسے چاہتا ہے ہدایت دے دیتا ہے، اپنے نفس کا تزکیہ کرو اور تقویٰ اختیار کرو، اپنے رب کی ایسے عباد ت کرو جیسے اللہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی نمازوں کی عبادت کرو، بالخصوص نماز عصر کی حفاظت کرو اور اللہ کی بارگاہ میں انتہائی عاجزی کے ساتھ حاضر رہو ۔۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ پر ایمان لائیں، اللہ کے فرشتوں پر ایمان لائیں، اللہ کی کتابوں پر ایمان لائیں، اللہ کی تقدیر پر ایمان لائیں اور ہر اچھی بری تقدیر کو تسلیم کریں ۔


































