
تل ابیب : صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے شدید عوامی احتجاج کے سامنے گھٹنے ٹیک دئے اور متنازع عدالتی اصلاحات موخرکردیں۔ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل میں کئی ماہ سے بنیامین نیتن یاہو کی متنازع عدالتی اصلاحات کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری تھا۔ گذشتہ روز وزیردفاع یواف گیلنٹ کی برطرفی نے جلتی پر تیل کا کام کیا اور کئی شہروں میں لاکھوں افراد نے سڑکیں بلاک کردیں۔ وزیراعظم کے گھر پر دھاوا بولا اور پارلیمنٹ کی عمارت میں گھس گئے۔پولیس اورمظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔عوامی احتجاج کو صدر اسحاق ہرزوگ نےملکی استحکام کیلئےخطرناک قرار دیا اور وزیراعظم سےعدالتی اصلاحات کے منصوبے کو روکنے کا مطالبہ کیا۔عوامی احتجاج کے سامنے بنیامین کو گھٹنے ٹیکنے پڑگئے اور قوم سےخطاب میں عدالتی بل پر مزید کارروائی موخر کردی۔ اسرائیلی وزیراعظم نےکہا کہ قومی ذمہ داری کے احساس اور اپنے لوگوں میں پھوٹ روکنے کی خواہش کے تحت بل کی دوسری اور تیسری ریڈنگ کوموخر کردیا ہے۔


































