
پشاور : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے ترجمان زاہد علی آخونزادہ نے سانحہ کوچہ رسالدار پشاور کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہاکہ شہداء کے لواحقین کے تحفظات دور کئے جائیں اور ہائی کورٹ کے معزز حاضر سروس ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کمیشن میں سول سروس، جرنلسٹس، سول سائٹی اور مکتب تشیع کا نمائندہ شامل کیا جائے اور اس رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے۔ انہوں نے کہا مرکزی مسجد کوچہ رسالدار میں خودکش حملہ کو11 ماہ ہوگئے۔ شہداء وزخمیوں کے ورثاء حکمرانوں سے پوچھ رہے ہیں کہ انہیں انصاف کب مہیا ہوگا؟ ان کے پیاروں کے قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کو کب تختہ دار پر لٹکایا جائے گا؟ مگر حکمران خاموش ہیں۔ جس سے شہداء کے لواحقین میں بے چینی بڑھ رہی ہے، جس کا ازالہ ضروری ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ضرب عضب، ردالفساد جیسے درجنوں آپریشنز کے بعد اس قسم کے دہشتگردی کے واقعات کا رونما ہونا حکمرانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔


































