
صنعا : یمن کے حوثیوں اور سعودی نواز حکومت نے تین مرحلوں میں 900 قیدیوں کا تبادلہ مکمل کر لیا ہے۔ قیدیوں کے تبادلے سے دونوں فورسز کے درمیان طویل جنگ کے خاتمے کی امید میں اضافہ ہوا ہے۔ بین الاقوامی کمیٹی آف ریڈ کراس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حوثیوں کے زیر قبضہ دارالحکومت صنعا اور سعودی نوازحکومت کے زیر کنٹرول شمالی شہر معارب سے قیدیوں کو لے جانے والے طیاروں نے ایک ہی وقت اڑان بھری ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چند افراد کو وہیل چیئر پر ریڈ کراس کے طیاروں تک لے جایا گیا جب کہ رہائی پانے والے تمام قیدیوں میں روزہ افطاری کے فوڈ پیکٹ بھی تقسیم کئے گئے ہیں۔ انٹرنیشنل ریڈ کراس کی میڈیا ایڈوائزر جیسیکا موسان نے بتایا ہے کہ ماریب سے صنعا جانے والی آخری پرواز میں 48 افراد سوار تھے جب کہ صنعا سے معارب جانے والی پرواز میں 42 سابق قیدی موجود تھے۔


































