
نیویارک : امریکی ریاست نیویارک میں سفید فام دہشت گرد کی فائرنگ سے 10 سیاہ فام ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا۔ دہشت گردی کا یہ واقعہ ریاست نیویارک کے شہر بفیلو کے سیاہ فام اکثریتی علاقے کی مصروف ترین سپرمارکیٹ میں پیش آیا۔ 18 سالہ سفید فام حملہ آور فوجی یونیفارم، بکتر بند شیلڈ اور ہیلمٹ پہن کر سپر مارکیٹ میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ دہشت گرد نے اپنے کارنامے کو گیمنگ ویب سائٹ پر براہ راست نشر کیا۔ لائیو اسٹریمنگ کے دوران حملہ آور پیٹون گینڈرون خود کو یہودیوں کا مخالف اور انتہاپسند سفید فام قرار دے رہا تھا۔اس کی رائفل پر بھی نسل پرستی کے الفاظ درج تھے۔ سیاہ فام کمیونٹی کے افراد نے صدر جو بائیڈن سے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ملزم سیاہ فام علاقے تک پہنچنے کے لیے کئی گھنٹے گاڑی چلاکر پہنچا تھا۔ ایف بی آئی نے واقعہ کو نفرت انگیز اور نسل پرستانہ جرم قرار دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ اٹارنی جان فلن نے بتایاکہ ملزم پر عدالت میں فرسٹ ڈگری قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مزید الزامات عائد کیے جا سکتے ہیں۔ حملے کے بعد کے حالات بیان کرتے ہوئے ایک پولیس افسر نے بتایا کہ یہ کسی ڈراؤنی فلم پر چلنے جیسا ہے، لیکن سب کچھ حقیقی ہے۔ یہ آرماگیڈن جیسا ہے۔


































