
واشنگٹن : امریکا میں مسلمان میئر کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی عید پارٹی میں شرکت سے روک دیا گیا۔وائٹ ہاؤس میں عید الفطر کی مناسبت سے تقریب منعقد کی گئی جس سے صدر جو بائیڈن نے بھی خطاب کیا۔ اس تقریب میں ریاست نیوجرسی کے شہر پراسپکٹ پارک کے مسلمان میئر خیراللہ بھی مدعو تھے۔ تاہم تقریب سے کچھ دیر قبل محمد خیراللہ کو وائٹ ہاؤس سے فون کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ خفیہ سروس نے ان کے داخلے کی سیکیورٹی کلیئرنس نہیں دی لہٰذا وہ شرکت نہیں کر سکتے۔ وائٹ ہاؤس میں خفیہ ایجنسی کے ترجمان اینتھونی گوگلیامی نے تصدیق کی ہے کہ خیراللہ کو وائٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت نہیں دی تاہم انہوں نے وجہ بتانے سے انکار کیا ہے۔ امریکی اسلامک تعلقات کونسل کے نیو جرسی چیپٹر کے ڈائریکٹر صلادین مسکت نے اس اقدام کو ناقابل قبول اور ہتک آمیز قرار دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے میئر محمد خیراللہ کو شرکت سے روکنے کے معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔


































