
اسلام آباد : رکن اسلامی نظریاتی کونسل اور سربراہ تحریک حسینیہ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو ایک ایسی عظیم فوج اور ایسے عظیم مجاہدین پر مشتمل آرمی عطا کی ہے کہ جس کا دنیا میں بہت بڑا نام ہے۔ فوج نہ صرف بیک وقت ملک کی سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ داخلی محاذوں پر بھی کوئی ایسا محاذ نہیں جہاں پر پاک فوج کے مجاہدین اور سپاہی نظر نہ آتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن پاک فوج سے ڈرتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی سازشوں سے باز نہیں آتا، اور وہ ہر وقت پاک فوج، عوام اور ملک کے دفاعی اور سلامتی کے قومی اداروں کے درمیان نفرتیں، اختلافات ایجاد کرنے میں دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز تاریخ کے انتہائی حساس دور سے گزر رہا ہے جبکہ چاروں طرف عالمی طاقتیں پاکستان کو عراق، شام، لیبیا بنانا چاہتی ہیں اور اس کیلئے وہ مضبوط اور مستحکم فوج اور حکومت کو پاکستان میں نہیں دیکھتا چاہتیں، ان کی کوشش ہے پاک فوج اور عوام کے درمیان اور سیاسی اداروں کے درمیان ایسی بدگمانیاں پیدا کردی جائیں کہ پاک فوج اپنے آپ کو تنہا محسوس کرے اور عوام الناس پاکستان کی فوج کو سلام پیش کرنے کی بجائے گالیاں دیتے ہوئے نظر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا تبدیل ہونا کوئی نئی بات نہیں، لیکن حکومت کی اولین ذمہ داری یہ ہونی چاہیے کہ پاک افواج کو ہر طرح سے وسائل مہیا کرے محفوظ کرے، مضبوط کرے اور اس کیساتھ تعلقات کو ہمیشہ مضبوط سے مضبوط تر رکھے، لیکن کچھ عرصے سے ہم دیکھ رہے ہیں کہ کچھ سیاست مدار اور خودساختہ لیڈران اور وطن دشمن، پاک فوج اور عوام کے درمیان نفرتوں کے بیج بو رہے ہیں اور عالمی استعمار امریکہ اور اس کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے، ہم دشمن کی اس سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔


































