
اسلام آباد: پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ابھی بھی امید ہے کہ جنگ نہیں ہو گی، ہم جنگ نہیں چاہتے تاہم اپنے دفاع کے لئے تیار ہیں، پاکستان سمیت کسی ملک سے اپنی حمایت میں جنگ میں کودنے کا مطالبہ نہیں کرتے۔ رضا امیری مقدم نے اسلام آباد میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ابھی بھی امید ہے کہ جنگ نہیں ہو گی، ہم جنگ نہیں چاہتے تاہم اپنے دفاع کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکی دھونس و دھاندلی کو تسلیم نہیں کریں گے، پاکستان سمیت کسی ملک سے اپنی حمایت میں جنگ میں کودنے کا مطالبہ نہیں کرتے بس وہ اپنے ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں، ہمارے دوست ہمیں جیسے بھی سپورٹ کرنا چاہیں مگر ہم کسی کے مدد مانگنے نہیں جائیں گے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران کسی ریاست کے سربراہ کے خلاف کوئی عزائم نہیں رکھتا عالمی قوانین کے تحت کسی بھی سربراہ مملکت کو نشانہ نہیں بنایا جا سکتا، کسی بھی حکومت کے سربراہ کو قتل کی دھمکی یا کوشش عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی سپریم رہنماء آیت اللہ خامنہ ای کو دھمکی باعث شرم ہے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ جنگ کی صورت میں مہاجرین کے بہاؤ کے حوالے سے پاکستان سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ہم جنگ سے بچنے کی کوششیں کر رہے ہیں تاہم ان کوششوں کی کامیابی کا 50 فیصد ہمارے اور بقیہ پچاس فیصد فریق مخالف کے ہاتھ میں ہے، پاکستان کی حمایت اور جنگ روکنے کی کوششوں پر مشکور ہیں۔


































