
تل ابیب : اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران کے ساتھ ممکنہ جنگ کے پیش نظر ہوم فرنٹ کمانڈ کو تیاری کی ہدایت جاری کر دی۔ اسرائیلی اخبار یدیعوت اہرنوٹ کے مطابق نیتن یاہو نے مختلف امدادی اداروں اور ہوم فرنٹ کمانڈ کو جنگی صورتحال کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا ہے جبکہ سیکیورٹی اداروں میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اسرائیل میں یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ مذاکرات میں تہران کے انکار کے بعد بڑے پیمانے پر فوجی حملے کی طرف مائل ہیں۔ اخبار کے مطابق اسرائیلی سیکیورٹی مشاورت میں یہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر امریکا حملہ کرتا ہے تو ایران اسرائیل پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل داغ سکتا ہے، چاہے اسرائیلی فوج براہ راست شریک نہ بھی ہو۔ سابق سربراہ اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس امان عاموس یادلین نے کہا کہ حملے کا امکان پہلے سے کہیں زیادہ قریب آ چکا ہے۔


































