
تہران: ایران نے امریکا کی مجوزہ اقتصادی پابندیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں معاشی دہشت گردی اور انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واشنگٹن پر بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا۔ ترجمان نے کہا کہ امریکا کے تازہ اقدامات ایرانی عوام کے خلاف امریکی پالیسی میں تیہتر سالہ دشمنی کا تسلسل ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اقتصادی پابندیاں اور دباؤ، فوجی جنگ اور جارحیت ہی کی دوسری شکل ہیں۔ پابندیاں ایرانی عوام کو ملک کی آزادی، وقار اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے عزم سے پیچھے نہیں ہٹا سکتیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا کی پابندیوں اور دباؤ کی پالیسیوں نے عالمی امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔


































