
جنیوا : اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے کہا ہے کہ جب تک اسرائیل انسانی امدادی کارکنوں کے لیے صورتحال کو محفوظ نہیں بناتا غزہ میں امداد پہنچانے کے لیے 32 کروڑ ڈالر کا نیا امریکی پراجیکٹ بھی ناکام ہو سکتا ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام نے بتایا کہ اتوار اور پیر کو امدادی قافلے میں سے زیادہ تر ٹرکوں سے وسطی غزہ میں ایک گودام کی طرف جانے والے تمام سامان کو چھین لیا گیا تھا۔ ترجمان عبیر عطیفہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی فوڈ ایجنسی اب لاجسٹک اور حفاظتی اقدامات کا از سرِنو جائزہ لے رہی ہے اور غزہ کے اندر متبادل راستوں کی تلاش کر رہی ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام امداد کی ترسیل کو مربوط کرنے کے لیے امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ 16 امدادی ٹرکوں میں سے صرف پانچ جو سنیچر کو محفوظ علاقے سے نکلے تھے اپنے سامان کے ساتھ مطلوبہ گودام پر پہنچے۔ دیگر 11 ٹرک لوگوں کے ہجوم کی وجہ سے راستے میں رُکے ہوئے تھے اور جب وہ گوداموں تک پہنچے تو سامان لوٹا جا چکا تھا۔


































