Wed Nov 25, 2026

آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی، ایرانی آرمی چیف سعودی دارالحکومت ریاض کی بلند ترین عمارت پر ایک ہفتے میں دوسری بار حملہ امریکہ کے ساتھ مل کر ایران پر ممکنہ حملے کی تیاری کر رہے ہیں، اسرائیلی وزیر جنگ کا دعویٰ دہشت گردی، نفرت انگیز تقاریر سمیت ہماری 4 ریڈ لائنز ہیں، محسن نقوی ایران کا زمینی محاصرہ تقریباً ناممکن ہے، عباس عراقچی اسرائیل کے غزہ میں فضائی حملے، انروا کا 35 سالہ کارکن اور 2 فلسطینی شہید قطری وزیرِ اعظم کی مارکو روبیو سے ملاقات، ایران امریکا کشیدگی کم کرنے پر تبادلہ خیال این پی ٹی سے علیحدگی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا، اسماعیل بقائی وینزویلا کے تیل کا معاہدہ: امریکی نائب صدر کیخلاف تحقیقات کا آغاز سعودی فوج کا یمن پر فضائی حملہ امریکی بیانات کے باوجود ایرانی تیل کی برآمد جاری ہے: حمید بورد ٹرمپ انتظامیہ کا ایران کے شیڈو بینکنگ سسٹم کیخلاف کریک ڈاؤن، 8 افراد، 22 اداروں پر نئی پابندیاں عراق میں حضرت عزیرؑ کے مزار کا انتظام صیہونی عناصر کے حوالے کرنے کا منصوبہ ایران پر اسرائیلی وامریکی حملوں میں 623 بچے شہید ہوئے فرانس میں مسلسل چھٹے ہفتے مہنگائی کیخلاف شدید احتجاج

روزانہ کی خبریں

امریکی حکومت، بحران کی رسیا مافیا رژیم

تحریر: حنیف غفاری
 
حال ہی میں رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب میں امریکی حکومت کو ایسی مافیا رژیم قرار دیا ہے جو بحران کی رسیا ہے اور دنیا کے مختلف حصوں میں سیاسی اور سکیورٹی بحران پیدا کر کے ان کے بل بوتے پر اپنی سیاسی زندگی جاری رکھے ہوئے ہے۔ امریکہ کی مافیا رژیم کی کیا خصوصیات ہیں اور وہ عالمی سطح پر اپنی سرگرمیاں کن بنیادوں پر انجام دیتی ہے۔ تحریر حاضر میں انہی نکات پر روشنی ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے۔ عالمی سطح پر امریکہ کی مافیا رژیم تین بنیادوں پر اپنی سرگرمیاں انجام دیتی ہے: 1۔ بحران ایجاد کرنا، 2۔ بحران پھیلانا اور 3۔ بحرانی صورتحال کو برقرار رکھنا۔ دوسرے الفاظ میں امریکی حکمران بحران پیدا کرتے ہیں اور اس کے بعد اپنے وابستہ نیٹ ورکس کے ذریعے اسے پوری دنیا میں پھیلا دیتے ہیں اور تیسرے مرحلے میں اس بحرانی صورتحال کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
 
لہذا امریکی حکومت کی سرگرمیاں محض بحران ایجاد کرنے تک محدود نہیں رہتیں بلکہ اس کے سیاسی، جاسوسی اور سکیورٹی ادارے مسلسل اس بحران کا دائرہ وسیع کرنے کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات انجام دیتے ہیں جن کا نتیجہ اس بحرانی صورتحال کے باقی اور برقرار رہنے کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ مافیا رژیموں کی ایک بڑی خصوصیت یہ ہے کہ ان کیلئے "دوست” کا لفظ کوئی معنی و مفہوم نہیں رکھتا۔ ایسی رژیموں کی نظر میں جو بھی ان کے ساتھ تعاون کرے وہ "شریک” یا "مہرہ” قرار پاتا ہے۔ امریکی حکومت کے گذشتہ عمل کی روشنی میں یہ بات سو فیصد اس پر صادق آتی ہے۔ اس بات کو زیادہ بہتر انداز میں سمجھنے کیلئے یوکرین میں پیدا شدہ بحران کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ یوکرین ایسا ملک ہے جہاں امریکہ نے انتہائی خطرناک جوا شروع کر رکھا ہے اور اکثر یورپی ممالک کو بھی اس میں دھکیل دیا ہے۔
 
یوکرین کے بحران میں یورپ امریکہ کا "شریک” ہونے کی بجائے اس کے "مہرے” میں تبدیل ہو چکا ہے۔ جب فروری 1992ء میں 12 یورپی ممالک کے سربراہان نے مل بیٹھ کر یورپی یونین تشکیل دی تو انہوں نے چاہتے ہوئے یا نہ چاہتے ہوئے اپنی معیشت اور سلامتی امریکہ کی گود میں ڈال دی۔ دوسری طرف امریکہ نے بھی بہت آسانی سے یورپ کو "اقتدار کے ایک ہتھکنڈے” کے طور پر استعمال کیا اور اکثر مواقع پر یورپ کو اپنا شریک بنانے کی بجائے اپنا سو فیصد تابعدار غلام بنا کر رکھا۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں ہم نے دیکھا کہ امریکی حکومت نے اپنے شہریوں کی قوت خرید بہتر بنانے کیلئے یورپ سے برآمد ہونے والی بعض مصنوعات پر ٹیکس عائد کر دیا۔ اسی طرح امریکی حکومت نے اپنے اخراجات کم کرنے کیلئے نیٹو فوجی اتحاد کو بھی نہیں بخشا اور اس اتحاد کو ٹوٹنے کے قریب پہنچا ڈالا۔
 
امریکہ اور اس کے مہروں کے درمیان خفیہ تعلقات میں یہ حقیقت بہت ہی پیچیدہ ہے۔ 2013ء میں براک اوباما کی حکومت نے براہ راست فوجی قبضہ کرنے کی بجائے تکفیری دہشت گروہ داعش کی صورت میں ایک پراکسی فوج تیار کی۔ اس کے بعد اسرائیل کی سکیورٹی اور انٹیلی جنس مدد اور سعودی عرب کی مالی امداد کے ذریعے شام اور عراق میں انہیں پھلنے پھولنے کا موقع دیا۔ امریکہ کی جانب سے داعش کی بھرپور مدد اور خطے میں بحران پھیل جانے کے بعد پینٹاگون اور سینٹکام نے اسی دہشت گردی کے خلاف جنگ کا بہانہ بناتے ہوئے جسے انہوں نے خود ایجاد کیا تھا، مغربی ایشیا کا رخ کیا۔ یہ بحران ایجاد کرنے، بحران پھیلانے اور بحران برقرار رکھنے پر مبنی پالیسی کی واضح مثال ہے۔ اس مسئلے میں امریکہ "چلانے والے” اور داعش "چلنے والے” کا کردار ادا کر رہے تھے۔ مذکورہ بالا تینوں مراحل میں امریکی مافیا رژیم اپنے وابستہ میڈیا ذرائع سے بھی بھرپور انداز میں کام لیتی ہے۔
 
امریکی مافیا رژیم سے وابستہ ذرائع ابلاغ کی اہم ترین ذمہ داری دنیا کے مختلف حصوں میں امریکی پالیسیوں کے اجرا کیلئے سہولت کار کا کام انجام دینا ہے۔ یہ مافیا میڈیا ذرائع، جمہوریت کے نام پر آمریت پھیلاتے ہیں اور دنیا بھر میں موجود حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں۔ یہ ذرائع ابلاغ مختلف قسم کے میڈیا ہتھکنڈے بروئے کار لاتے ہیں جن میں مبالغہ آرائی، حقائق کو الٹا کر پیش کرنا، امریکی مفادات کے حق میں دنیا میں موجود مختلف بحرانوں کو نارمل اور معمولی حالات کے طور پر پیش کرنا وغیرہ شامل ہیں۔ مثال کے طور پر گذشتہ 8 سال سے یمنی قوم کے خلاف سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی سربراہی میں جاری نسل کشی کو سینسر کرتے ہیں جبکہ دوسری طرف یوکرین کی جنگ کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں۔ یہ درحقیقت مافیا رژیم میں موجود وہ بے حیائی ہے جس کی کوئی حد قابل تصور نہیں ہے۔

مزید پڑھیے

Most Popular