
نیویارک : ڈائریکٹر ہیومن رائٹس واچ سارہ یاگر کا کہنا ہے ایران میں اسکول پر امریکی حملے سے جنگی قوانین کی خلاف ورزی ہوئی۔ جان بوجھ کر بچوں سے بھرے اسکول کو نشانہ نہ بنایا ہو تو بھی اسے غلطی قرار دے کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ تنظیم کی واشنگٹن ڈائریکٹر سارہ یاگر نے کہا ہے کہ ایران کے شہر میناب میں اسکول پر حملہ پرانی ہدفی معلومات کی بنیاد پر کیا گیا. امریکی فوج پر لازم تھا کہ شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے تمام ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتی۔ واقعے نے واضح کردیا کہ تنازعات کے دوران شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے امریکی فوج میں اصلاحات اور مؤثر احتساب کی ضرورت ہے۔ سارہ یاگر نے کہا کہ احتساب صرف غلطی تسلیم کرنے تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ انٹیلی جنس، ہدف کی تصدیق اور فیصلہ سازی میں ہونے والی ناکامیوں کی نشاندہی کر کے انہیں درست کرنا بھی ضروری ہے تاکہ ایسا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو چاہیے کہ تحقیقات کے نتائج عوام کے سامنے لائے، ذمہ دار افراد کے خلاف تادیبی یا قانونی کارروائی کرے اور ایسی اصلاحات نافذ کرے جن سے مستقبل میں شہریوں کو ہونے والے نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔


































