
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطہ کرکے ڈیڈ لائن میں دو ہفتے توسیع کی درخواست کردی۔ شہباز شریف نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ مشرق وسطیٰ میں پرامن تصفیے کے لیے سفارتی کوششیں مستقل مزاجی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ سفارت کاری کو اپنا کردار ادا کرنے کا موقع دینے کے لیے میں صدر ٹرمپ سے پُرزور اپیل کرتا ہوں کہ وہ ڈیڈ لائن میں دو ہفتوں کی توسیع کریں۔ ایران سے درخواست ہے کہ خیرسگالی کے طور پر دو ہفتوں کے لیے آبنائے ہرمز کھول دے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کی درخواست پر حملے دو ہفتوں کیلئے معطل کردئے ہیں۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ ایران پر بمباری اور حملے کو دو ہفتوں کے لیے معطل کرنے پر متفق ہیں، یہ دو طرفہ جنگ بندی ہوگی۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں ایران کی طرف سے 10 نکات پر مشتمل ایک تجویز موصول ہوئی ہے اور وہ اسے بات چیت کی بنیاد کے طور پر قابل عمل سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے تقریباً تمام متنازعہ نکات پر امریکا اور ایران کے درمیان اتفاق رائے ہو چکا ہے، لیکن دو ہفتوں کا عرصہ اس معاہدے کو حتمی شکل دینے اور اسے مکمل کرنے کے لیے درکار ہے۔


































