تحریر: محمد بشیر دولتی
سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم
5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر ہے۔ ہم سب یہ دن مناتے ہیں۔ تاہم یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ یہ دن پاکستان کی سرحدوں سے نکل کر عالمی یوم کیوں نہیں بن سکا؟ میں نے عالمی یوم خواتین کا پس منظر پڑھا۔ مجھے معلوم ہوا کہ 8 مارچ 1907ء کو نیویارک میں گارمینٹس انڈسٹری میں کام کرنے والی خواتین نے اپنی تنخواہوں میں اضافے کے لئے مظاہرہ کیا تھا۔ سرمایہ داروں کی پولیس نے ان خواتین پر لاٹھی چارج کیا۔ اس لاٹھی چارج پر احتجاج کا ایک سلسلہ چل پڑا۔ 1910ء میں اس تحریک کی ایک خاتون رکن ”کلاراز“ نے ایک بین الاقوامی کانفرنس میں یہ سفارش پیش کی کہ 8 مارچ کو یوم خواتین منایا جائے۔ اس دن سے آج تک اسی تاریخ کو دنیا بھر میں یوم خواتین کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ میں نے پڑھا ہے کہ 21 فروری 1952ء کو متحدہ پاکستان میں بنگلہ زبان بولنے والی اکثریت کی طرف سے اردو زبان کو سرکاری زبان قرار دینے کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا تھا۔ مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں کچھ افراد شہید ہوۓ۔ یونیسکو نے 1999ء کو بنگلہ دیشی شہریوں کی طرف سے خط لکھنے پر 2010ء میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اس قرارداد کو پاس کرکے 21 فروری کو عالمی مادری زبان منانے کی منظوری دے دی۔
اگر آپ انٹرنینشل مناسبتوں کا کیلنڈر دیکھیں تو حیران رہ جائیں گے۔ عالمی سطح پر یومِ زن سے لے کر یومِ مادر تک منایا جاتا ہے، لیکن کشمیر میں اب تک شہید ہونے والی ہزاروں خواتین اور سینکڑوں عصمت دری کے واقعات پر عالمی برادری خاموش ہے۔ انٹرنیشنل سطح پر یومِ استاد، یومِ قلم اور یومِ صحافت منانے والوں کو کشمیر میں قلم، علم، معلم اور صحافت کی پامالی نظر نہیں آتی۔ شہید حریت میر واعظ مولوی محمد فاروق سے لے کر شہید خواجہ عبدالغنی لون تک، شہید استقامت مقبول بٹ سے لے کر شہید اسراء افضل گورو تک، شہید جوان برہان وانی سے لے کر اب تک ہزاروں شہیدوں کا خون یو این او سمیت، اقوام عالم اور ملت اسلامیہ کو جنجھوڑ رہا ہے کہ آزادی و مساوات کے نعرے بازو، ہماری قربانیوں سے چشم پوشی کیوں؟ ہمارے لئے کوئی انٹرنیشنل ڈے کیوں نہیں۔؟
مجھے تعجب ہے کہ یونیسیف سمیت انسانی حقوق کے ان گنت اداروں کو محنت و مشقت کرنے والے بچوں پر تو رحم آتا ہے، لیکن کشمیر، فلسطین اور یمن میں گولیوں اور بموں سے معصوم بچوں کے نازک جسموں کے اُڑتے ہوئے پرخچوں پر کوئی رحم نہیں آتا۔ ہمیں بین الاقوامی ایّام کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیئے۔ ہمیں انسانی بنیادوں پر اقوام متحدہ سے اپیل کرنی چاہیئے کہ 6 اگست سے 9 اگست تک ”انسانیت سے ہمدردی کے ایّام“ منائے جائیں۔ یہ وہ ایّام ہیں کہ جب 6 اور 9 اگست 1945ء کو امریکہ نے ہیروشیما اور ناگاساکی پر حملہ کیا تھا اور لاکھوں انسانوں کو پلک جھپکنے میں راکھ بنا دیا تھا۔ ہمیں 9 نومبر کو عالمی یوم اتحاد منانے کی اپیل کرنی چاہیئے، چونکہ اس دن 1989ء میں اٹھائیس سال کے بعد استعمار کی کھڑی کردہ دیوار برلن ٹوٹ گئی تھی۔ ہمیں 17 مارچ کو عالمی ”یومِ حجاب“ منانے کی اپیل کرنی چاہیئے چونکہ اس دن 2018ء میں مہذب لباس پہننے کے جرم میں مریم عبدالاسلام مصری کو برطانیہ کے بھرے بازار میں بےدردی سے شہید کیا گیا تھا۔
ہمیں یکم جولائی کو عالمی” یومی تقدس حجاب“ منانا چاہیئے، چونکہ 2009ء میں اس دن جرمنی کی عدالت میں شہیدہ حجاب مروة الشربی کو حجاب کی توہین کے کیس کا دفاع کرنے پر ججز کے سامنے 18 دفعہ چھری کے پے درپے وار کرکے شہید کیا گیا تھا۔ ہمیں چاہیئے کہ 28 جون یا 31 اگست کو ”عالمی یوم فتحِ جمہوریت“ منائیں، چونکہ اس دن جہانِ جمہوریت میں ایسا دلخراش سانحہ رونما ہوا تھا کہ تاریخِ جمہوریت میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ 28 جون 1981ء کو اسلامی انقلاب کے بعد ایرانی پارلیمنٹ کے 72 اراکینِ اسمبلی کو ایک بم دھماکے میں شہید کیا گیا تھا۔ اتنے بڑے جمہوری نقصان کے باوجود ایران میں مارشل لا نہیں لگا تھا۔ ہمیں 31 اگست کو حقیقی جمہوریت کا دن منانا چاہیئے، چونکہ 31 اگست 1981ء کو ایران کے صدر اور وزیراعظم کو ایک ساتھ شہید کیا گیا تھا، مگر پھر بھی مارشل لاء نہیں لگا اور آج تک اسلامی جمہوریہ ایران کامیابی سے شاہراہِ جمہوریت پر گامزن ہے۔
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم صرف 5 فروری کو ایک دن کیلئے کشمیر کے نام پر جلسے جلوس نکال کر خاموش نہ ہو جائیں بلکہ اس دن کو عالمی ایّام کی فہرست میں شامل کرنے کی جدوجہد کریں۔ مسئلہ کشمیر تو اقوامِ متحدہ کے نزدیک ایک مسلمہ مسئلہ ہے۔ اگر اقوامِ متحدہ کے فیصلے کے مطابق یہ مسئلہ چوہتر سالوں سے حل نہیں ہو رہا تو ہمیں اقوامِ متحدہ سے کشمیر ڈے منانے کی اپیل کرنی چاہیئے۔ یاد رکھئے! ہم دن منانے کی رسم کو بدعت و گمراہی کہہ کر اور دنیا سے کٹ کر کچھ بھی حاصل نہیں کرسکتے۔ ہمیں فقط جوشیلی تقریروں اور نعروں کے بجائے ایک عظیم اور عالمی مکالمے کے لئے اپنے آپ کو تیار کرنا ہوگا۔ ہمیں اپنے ایّام کو شعوری اور منطقی طور پر عالمی سطح پر منانے کیلئے سنجیدہ منصوبہ بندی کرنی چاہیئے۔

































