
نیویارک: اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ غزہ میں بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی بلا رکاوٹ ترسیل فوری طور پر یقینی بنائی جائے۔ انتونیو گوتریس نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں خطاب کرتے ہوئے غزہ میں انسانی امداد کی فوری اجازت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے رفح کراسنگ کے ذریعے امدادی سامان اور مریضوں کی تیز اور غیر مشروط نقل و حرکت پر زور دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام نے درجنوں فلسطینیوں کو غزہ سے نکلنے سے روک رکھا ہے، حالانکہ انہیں فوری طبی امداد درکار ہے۔ رفح کراسنگ سے گزرنے والے فلسطینیوں کو اپنا تمام سامان پیچھے چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ میڈیا کے مطابق اس وقت غزہ میں تقریباً بیس ہزار افراد ایسے ہیں جنہیں بیرونِ ملک فوری طبی علاج کی ضرورت ہے۔


































