
واشنگٹن : امریکی جریدے دی اٹلانٹک کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی سیاسی روایت کے برخلاف سرکاری عمارتوں، بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں، کرنسی، سرکاری ویب سائٹس اور دستاویزات پر اپنا نام، چہرہ اور دستخط نمایاں کرنے کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مختلف امریکی وزارتوں کی عمارتوں پر ٹرمپ کی بڑی تصاویر والے بینرز لگائے گئے ہیں جبکہ یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس کے نام میں بھی ٹرمپ کا نام شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح کینیڈی سینٹر پر بھی ان کا نام درج کرنے کی کوششوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ کی تصویر والے خصوصی پاسپورٹ، قومی پارکس کے کارڈ پر ان کی تصویر، مستقبل میں جاری ہونے والے امریکی کرنسی نوٹوں پر ان کے دستخط اور سرحدی دیوار پر ان کے نام کی تختیاں بھی اس رجحان کا حصہ ہیں۔


































