
غزہ: حماس کے سینیئر رہنماء حماد الرقب نے کہا ہے کہ صیہونی دشمن کو صرف ایک ہی زبان سمجھ آتی ہے اور وہ طاقت و خون کی زبان ہے۔ مسجد ابراہیمی میں قتل و غارت گری قابضین کی بربریت کی نشانی تھی۔ اس سنگین جرم نے فلسطینی قوم کے اندر انتقام کی آگ کو بھڑکا دیا اور ہم اس جرم کو ذہن میں رکھتے ہوئے باہمی اتحاد میں وسعت پیدا کریں۔ حماد الرقب نے کہا کہ ہمیں آج پہلے سے زیادہ ہتھیاروں اور مزاحمت کی ضرورت ہے جبکہ فلسطینی قوم تاریخ کے ہر دور میں زندہ و جاوید رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اجداد نے انگریزوں اور یہودیوں سے جنگ کی۔ قتل ہوئے لیکن حق کا پرچم زمین پر نہ گرنے دیا۔ ادھر حماس نے مسجد حضرت ابراهیم (ع) میں قتل عام کی 29ویں برسی کے موقع پر ایک بیان میں کہاکہ فلسطین کی مقاوم، شجاع اور عظیم قوم کے ہاتھوں صیہونی جرائم کا حساب لیا جائے گا۔ اسرائیلی غاصب جان لیں کہ مسجد حضرت ابراهیم (ع) اپنی مکمل اسلامی شناخت کے ساتھ باقی رہے گی۔ حماس نے ملک کے اندر اور باہر فلسطینی عوام سے باہمی اتحاد برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا، تاکہ قومی ہم آہنگی کے ساتھ اپنے حقوق، اصولوں، سرزمین اور مقدسات کے دفاع کو مضبوط کرسکیں۔


































