
نیویارک: اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزیوں پر دنیا خاموش نہیں رہ سکتی۔ دو ریاستی حل کو دن دہاڑے کمزور کیا جا رہا ہے۔اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خطاب میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ اسرائیلی قبضے والے علاقوں میں موجودہ صورتِ حال واضح اور دانستہ ہے۔ اسرائیل اور فلسطین کے بقائے باہمی پر مبنی دو ریاستی تصور کو منظم انداز میں ختم کیا جا رہا ہے۔ انتونیو گوتریس کے مطابق انسانی وقار، انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزیاں جاری ہیں جن پر عالمی برادری کی خاموشی ناقابل قبول ہے۔ ان کا بیان ایسے وقت سامنے آیا جب بنیامین نیتن یاہو کی حکومت نے مغربی کنارے کے وسیع علاقوں کو ریاستی ملکیت کے طور پر رجسٹر کرنے کی منظوری دی ہے۔اقوامِ متحدہ کے سربراہ نے زور دیا کہ عالمی برادری کو فوری طور پر مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ بین الاقوامی قانون کا تحفظ اور فلسطینی عوام کے حقوق یقینی بنائے جا سکیں۔


































