
کیف : امریکا نے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں3 ماہ کے بعد اپنا سفار خانہ دوبارہ کھول دیا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم باضابطہ طور پر کیف میں سفارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کررہے ہیں۔ یوکرینی عوام نے روس کے بلاجواز حملے کے جواب میں اپنے وطن کا دفاع کیا ہے اور اس کے نتیجے میں امریکی پرچم ایک بار پھر سفارت خانے کے اوپر لہرا رہا ہے۔ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اس لیے سفارتکاروں کے تحفظ کے لیے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یوکرین کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ان کے ساتھ فخر سے کھڑے ہیں اور ان کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ وہ کریملن کی وحشیانہ جارحانہ جنگ کے مقابلے میں اپنے ملک کا دفاع کررہے ہیں۔


































