
واشنگٹن : امریکا نے غزہ سے فلسطینیوں کے اخراج کی عالمی مخالفت کے باعث عبوری نقل مکانی کے نام سے پلان پیش کردیا۔ ڈومینیکن ریپبلک کے دورے کے دوران نیوز کانفرنس میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ غزہ اس وقت خطرات کی وجہ سے رہنے کے قابل نہیں ہے۔ جہاں ہر طرف بغیر پھٹے بم اور میزائل بکھرے پڑے ہیں۔ جب تک علاقے کی تعمیر نو ہورہی ہے اہلِ غزہ کی منتقلی کی ضرورت ہوگی۔ مارکو روبیو نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا مؤقف درست ہے علاقے کو درست کرنے تک لوگوں کو عبوری طور پر کہیں اور رہنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے متنازعہ تبصرے کا مقصد دوسرے ممالک کی حوصلہ افزائی کرنا تھا جن کے پاس تعمیر نو میں مدد کے لیے معاشی اور تکنیکی صلاحیت دونوں موجود ہیں۔ روبیو نے دیگر اقوام پر زور دیا کہ وہ غزہ کی تعمیر نو کی کوششوں میں حصہ لیں۔


































