
اسلام آباد: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا تین روزہ مرکزی کنونشن کا انعقاد 13 تا 15 مئی امام بارگاہ جامع الصادق اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ جس میں ملک بھر سے مرکزی و صوبائی اراکین شرکت کریں گے۔ کنونشن کے پہلے روز مختلف اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور نمایاں کارکردگی سرانجام دینے والے اضلاع کو اسناد اور اعزازی شیلڈز پیش کی جائیں گی۔ شہدائے پاکستان کے نام سے منسوب شب شہداء بھی کنونشن کے پہلے دن کی تقریبات کا حصہ ہوگی۔ کنونشن کے دوسرے روز صوبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، تمام صوبائی جنرل سیکریٹریز کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے۔ اسی روز دستوری ترامیم پر بھی بحث ہوگی اور اسے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا اور مرکزی عہدیداروں کے شعبہ جات کے بارے میں سوال و جواب بھی اس نشست کا حصہ ہوں گے۔ نشست کے اختتام پر مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اختتامی خطاب کریں گے۔ کنونشن کے آخری روز اتحاد بین المسلمین کے عنوان سے وحدت کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، وحدت کانفرنس سے قبل مرکزی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوگی۔ شوریٰ عالی کے سربراہ کی طرف سے نومنتخب سیکریٹری جنرل کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ بعد ازاں مجلس وحدت مسلمین کے نو منتخب سربراہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔


































