
کابل:طالبان نے ماہ رمضان میں موسیقی نشر کرنے کے الزام میں خواتین کے زیر انتظام ریڈیو اسٹیشن کو بند کردیا۔ افغانستان کے شمال مشرقی علاقہ بدخشاں میں ریڈیو اسٹیشن صدائے بانوواں کو اچانک بند کردیا گیا۔ یہ افغانستان میں خواتین کے زیر انتظام واحد ریڈیو اسٹیشن ہے۔ اس کا آغاز 10 سال پہلے ہوا تھا۔ اس میں آٹھ ملازمین کام کرتے ہیں اور ان میں چھے خواتین ہیں۔ ریڈیو اسٹیشن کی سربراہ ناجیہ سروش نے ریڈیو اسٹیشن کی بندش کو ایک سازش قرار دیا ہے اور کہا کہ طالبان نے بتایا کہ آپ نے موسیقی نشر کی ہے جبکہ ہم نے کسی بھی قسم کی موسیقی نشر نہیں کی۔ صوبہ بدخشاں کے ڈائریکٹر برائے اطلاعات و ثقافت معزالدین احمدی نے کہا کہ اسٹیشن نے رمضان کے دوران میں گانے اور موسیقی نشر کر کے قوانین اور ضوابط کی متعدد بار خلاف ورزی کی ہے اور اسی وجہ سے اسے بند کیا گیا ہے۔ طالبان کے اقتدار پر قبضے کے بعد فنڈز کی کمی یا عملہ کے ملک چھوڑنے کی وجہ سے بہت سے میڈیا ادارے بند ہو چکےہیں۔


































