
مزار کی بیحرمتی اس وقت ہوئی جب ادلب داعش کے زیر قبضہ تھا، قبضہ ختم ہوا تو بیحرمتی کی ویڈیو جاری کی گئی تاکہ شامی حکومت کو مجرم ٹہرایا جاسکے، شامی وزیر
داعش کے ہاتھوں تباہ انبیا ؑ،اصحاب ؓاور دیگرمزارات کی تعمیر شروع کردی ہے، شامی وزیرکی پاکستانی ہم منصب پیر نور الحق قادری کو یقین دہانی
دمشق/اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے اپنے شامی ہم منصب عبد الستار سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ادلب میں مزار حضرت عمر بن عبد العزیزکی بے حرمتی کی خبروں پرتشویش کا اظہار کیا، شامی وزیر نے بتایاکہ حضرت عمر بن عبدالعزیز کا مزار ادلب میں واقع ہے، مزار کی بے حرمتی کا واقعہ جنوری کے آخری ایام میں اس وقت پیش آیا تھا جب یہ علاقہ داعش کے قبضے میں تھا، ادلب پر شامی فوج کے قبضے کے بعد مزار کی بیحرمتی کی ویڈیو جاری کی گئی تاکہ اس کا الزام شامی حکومت پر لگایا جاسکے، انہوں نے بتایا کہ شامی حکومت نے داعش کے ہاتھوں تباہ حضرت یحیؑ، حضرت زکریاؑ، حضرت یونس ؑ، صحابی رسول اکرم حضرت حجر ابن عدی ؓ، حضرت اویس قرنی ؓ، حضرت عمر بن عبد العزیزؓ سمیت اہم مزارات کی تعمیرنوکا کام دوبارہ شروع کردیا ہے اور جلد ازجلد ان مزار ات کو بحال کردیا جائے گا،واضح رہے کہ حضرت عمر بن عبدالعزیز کے مزار کی بیحرمتی کی خبر ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی انادولو نے جاری کی تھی تاکہ شامی حکومت کو مطعون کیا جاسکے۔


































