
دمشق: بلے تھیلے سے باہر آگئی، شام کے تکفیری گروپ ھیت تحریر السلام کے سربراہ احمدالشارع المعروف ابو محمد الجولانی نے کہا ہے کہ شام کی نئی انتظامیہ کا اسرائیل سے مقابلہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ الشارع نے کہا کہ ہم اسرائیل کے ساتھ تصادم میں ملوث ہونے کے خواہاں نہیں ہیں اور نہ ہی اس طرح کی لڑائی برداشت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی شامی انتظامیہ کی ایرانی عوام کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔ اسد حکومت کا خاتمہ خطے میں خطرناک ایرانی منصوبے پر فتح ہے۔ شام میں روسی موجودگی پر تبصرہ کرتے ہوئے الشارع نے کہا کہ نئی انتظامیہ شام میں روسی اڈوں کو نشانہ بنا سکتی تھی لیکن اس نے روس کو شامی عوام کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظر ثانی کا موقع دینے کا انتخاب کیا۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ شام کی نئی انتظامیہ مغربی سفارتخانوں سے رابطے میں ہے اور شام کے دارالحکومت دمشق میں اپنی نمائندگی بحال کرنے کے بارے میں برطانیہ کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شامی ریاست کو انقلابی ذہنیت کے ساتھ حکومت نہیں کرنا چاہیے اور قوانین اور اداروں کی ضرورت ہے۔


































