
کراچی : امام خمینیؒ کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے آج جمعہ الوداع کو عالمی یوم القدس منایا جائے گا، اس موقع پر ملک بھر میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا،حکومت پاکستان یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے، اس بات کا مطالبہ تحریک آزادی القدس پاکستان کے زیراہتمام کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کے دوران کیا گیا۔امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر زاہد مہدی، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی، مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری، بزرگ عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین اور جعفریہ الائنس کے جنرل سیکریٹری شبر رضا سمیت دیگر رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہاکہ فلسطینی آج بھی اپنے حق کے لئے کھڑے ہوئے ہیں، فلسطینیوں نے کامیاب جدوجہد سے ثابت کردیا کہ مزاحمت میں عزت،وقار اور کامیابی ہے، فلسطین کی کامیابی عالم اسلام کی کامیابی ہے،فلسطینیوں کو مضبوط بنانے میں امام خمینیؒ، رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور شہید سردار قاسم سلیمانی کا بنیادی کردار ہے، شہید قاسم سلیمانی کو فلسطینیوں نے شہید قدس قرار دیا، انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مسلمان قبلہ اول کو غاصب صیہونی ریاست سے آزاد دیکھیں گے، پاکستان میں دہشت گردی کے خطرات کے باعث یوم القدس کی ریلیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ انتظامیہ اس میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے، موجودہ خطرات کے پیش نظر حکومتی انتظامیہ یوم القدس کی ریلی کے روٹ پر سیکیورٹی سمیت دیگر اقدامات کا آغاز کرے، بصورت دیگر حکومت کی غفلت کے خلاف احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ 1979سے قبل ختم ہوچکا تھا، عرب ممالک کی شکست در شکست کے بعد اسرائیل فلسطین پر قبضہ جمانے میں کامیاب ہوچکا تھا،مگر انقلاب اسلامی ایران اور امام خمینی رح کی کوششوں سے یہ مسئلہ پھر سے اجاگر ہوا، امام خمینی رح نے جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دیا، فلسطینی مجاہدین کی ہر طرح سے مدد کی اور فلسطین کے مسئلہ کو ایک عالمی تحریک بنایا، امام خمینی جانتے تھے کہ اسرائیل کو محض فلسطین تک محدود رہنے کیلئے مسلط نہیں کیا گیا ہے بلکہ اسرائیل عالم اسلام پر قبضہ چاہتا ہے، اسی لئے امام خمینی نے شروع سے اسرائیل کے خلاف جدوجہد شروع کی اور آج دنیا میں بسنے والا ہر مظلوم فلسطین کی آزادی کیلئے سینہ سپر ہے۔ مقررین نے کہا کہ قدس امت مسلمہ کا قلب ہے اور اسرائیل اس پر خنجر کی مانند ہے،دنیا بھر کے مسلمانوں پر واجب ہے کہ قبلہ اول کے تقدس و تحفظ اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں صدائے احتجاج بلند کریں،انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب اسرائیل کا ناپاک وجود صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔ان کا کہناتھا کہ جن مسلمان حکمرانوں نے اپنے اسلامی نظریات پر اسرائیل و امریکہ کی تابعداری کو مقدم رکھا ہے تاریخ ان کی اس سیاہ کاری کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔دنیا بھر کے باشعور و با ضمیر افراد یوم القدس کے موقع پر مظلوم کی حمایت اور ظالمین سے اپنی نفرت کا برملا اظہار کرتے ہیں۔ مقررین نے ایران میں اسلامی انقلاب کے بانی امام خمینی اور پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اسرائیل کے سنگین خطرے سے بروقت متنبہ کیا تھا اور آج پوری دنیا اسرائیل کی دہشتگردانہ سوچ کا نشانہ بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں ہونے والے ظلم و ستم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے،عالمی برادری دوہرا معیار ترک کرے اور مسئلہ فلسطین کوفلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں مثبت کردار ادا کرے۔


































