
تہران: اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف نے کہاہےکہ جب تک امریکا جنگ کے خاتمے کے لیے تہران کی شرائط نہیں مانتا آبنائے ہرمز بند رہے گی۔ اپنے مطالبات اور شرائط ثالثوں کے ذریعے واضح طور پر امریکا پہنچا دی ہیں۔
باقر قالیباف نے پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ایران نے اپنے مطالبات اور شرائط ثالثوں کے ذریعے واضح طور پر پہنچا دی ہیں۔ دشمن اس بات سے بخوبی آگاہ ہے کہ دھوکے اور یکطرفہ دباؤ کی گنجائش نہیں۔ قالیباف کے مطابق جب تک ایران کے جائز حقوق، امریکی وعدے اور دیگر شرائط پوری نہیں ہوتیں، مذاکرات اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا کوئی امکان نہیں۔ باقر قالیباف نے کہا کہ مغربی ایشیا میں پرانا امریکی نظام تباہ ہوچکا ہے اور اب خطے کے ممالک کو نیا علاقائی نظام تشکیل دینا ہوگا۔
ایرانی اسپیکر کے مطابق ایران بھرپور طاقت اور دانشمندی کے ساتھ جنگ اور مذاکرات دونوں محاذوں پر کام کرے گا اور ضرورت پڑنے پر ایران اپنے دشمنوں کو پسپا کرنے کے لیے فوجی طاقت استعمال کرے گا۔

































