
ڈیووس :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی تنازعات کے حل کے لیے اقوام متحدہ کے مقابل نام نہاد ’’بورڈ آف پیس‘‘ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر بورڈ آف پیس چارٹر پر ٹرمپ سمیت دیگر عالمی رہنماؤں نے دستخط کیے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے دستخط کے بعد کہا کہ ہم جو کچھ کر رہے ہیں وہ بہت اہم ہے۔ یہ وہ چیز ہے جو میں واقعی میں یہاں رہنا اور کرنا چاہتا تھا اور میں اس سے بہتر جگہ کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ اس بورڈ کا تصور غزہ کی تعمیرِ نو کی نگرانی کے لیے پیش کیا گیا تھا، تاہم مسودۂ چارٹر میں اس کے دائرہ کار کو صرف فلسطینی علاقوں تک محدود نہیں کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ اب تک تقریباً پینتیس عالمی رہنماؤں نے بورڈ میں شمولیت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ جبکہ پچاس کے قریب ممالک کو دعوت دی گئی تھی۔ بورڈ کی مستقل رکنیت کے لیے ایک ارب ڈالر کی فیس مقرر کی گئی ہے۔


































