
نیویارک : اقوام متحدہ کی ایٹمی توانائی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ روس کے زیرِ قبضہ نیوکلیئر پاور پلانٹ زیپوریژیا کے گرد صورتحال انتہائی غیر متوقع اور خطرناک ہو گئی ہے۔ایٹمی توانائی ایجنسی آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے کہا کہ روس نواز گورنر نے قریبی شہر خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے، اسی تناظر میں ایجنسی نے بھی انتباہ جاری کیا۔ انہوں نے کہاکہ میں نیوکلیئر پلانٹ کو درپیش سیکیورٹی خطرات اور اس کے محفوظ ہونے سے متعلق بہت زیادہ فکرمند ہوں۔ ہمیں کسی قسم کا جوہری حادثہ ہونے سے پہلے فوراً حفاظتی اقدامات اٹھانے چاہییں تاکہ آبادی اور ماحول کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ رافیل گروسی نے مارچ میں یورپ کے سب سے بڑے پاور پلانٹ زیپوریژیا کے دورے کے دوران مخالف جماعتوں کے درمیان معاہدے پر زور دیا تھا تاکہ جوہری پلانٹ کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔


































