
واشنگٹن: امریکا اور نیٹو کا یوکرین جنگ سے متعلق خفیہ منصوبہ افشا ہوگیا۔ امریکا۔ برطانیہ ۔ نیٹو اور دیگر اتحادیوں کی جانب سے روسی فوجیوں کے خلاف نئے حملے سے قبل یوکرینی افواج کی تشکیل کے لیے کی جانے والی کوششوں کی خفیہ دستاویزات سوشل میڈیاپر آگئی۔ امریکی منصوبے میں روس پر حملے کے لیے یوکرین کو مسلح کرنے سے متعلق معلومات شامل ہیں۔ جنگی منصوبے میں یوکرینیوں کی غیر معمولی اموات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ خفیہ دستاویز میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یوکرین کی 12 میں سے 9 بریگیڈ امریکا نے مسلح کیں۔ یوکرین کا جنگی منصوبہ افشا ہونے پر پینٹاگون نے تحقیقات شروع کردیں۔ پینٹاگون اس بات کی تحقیقات کر رہا ہے کہ ان دستاویزات کے افشاء کے پیچھے کس کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ جو ٹوئٹر اور ٹیلی گرام پر اپ لوڈ کی گئیں۔عسکری تجزیہ کاروں کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ دستاویزات میں ان کی اصل شکل سے کچھ حصوں میں ترمیم کی گئی ہے، جس میں یوکرائنی جنگ میں ہلاک ہونے والے امریکی تخمینے اور روسی فوجیوں کی ہلاکت کے تخمینے کو کم کیا گیا ہے۔


































