
ماسکو : روس کے حمایت یافتہ جنگجو گروپ ویگنر نے یوکرین کے مشرقی شہر باخموت پر قبضہ کر لیا۔ ویگنر کے سربراہ یوگنی پریگوژن نے دعویٰ کیا کہ کمانڈروں نے باخموت کے سٹی ہال اور مرکز پر قبضہ کر لیا ہے اور اس پر روسی پرچم لگا دیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق باخموت کا محاصرہ کرنے کے لیے ویگنر پیرا ملٹری گروپ نے روسی فوج کی مدد کی۔ تاہم صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ وہاں اب بھی لڑائی جاری ہے۔ ان کی فوج اپنے ملک کا دفاع کر رہی ہے۔ بیس مارچ کو پریگوژن نے کہا تھا کہ ان کے جنگجوؤں نے شہر کے 70 فیصد حصے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس شہر کی اسٹریٹیجک اہمیت زیادہ نہیں لیکن اس پر قبضے کے لیے روسی اور یوکرینی فوج کے درمیان شدید لڑائی ہوئی ہے۔


































