
تہران : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ہیروشیما اور ناگاساکی پر امریکا کے ایٹمی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں کے پیچھے موجود ذہنیت آج بھی واشنگٹن پر راج کررہی ہے۔ مسعود پزشکیان نے ہیروشیما اور ناگاساکی پر امریکا کے ایٹمی حملوں کی برسی پر انہیں انسانیت کے خلاف عظیم ترین جرائم قرار دیا۔ ایرانی صدر نے کہا کہ ایٹمی حملوں کو مسترد کرنے والوں کو واشنگٹن کی موجودہ ذہنیت کی بھی مذمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کو پتھر کے دور میں واپس پہنچانے اور پوری تہذیب کے خاتمے کی دھمکیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دوبارہ ایسا کبھی نہیں ہوگا۔ اس سے پہلے ایک اور بیان میں ایرانی صدر نے کہا تھا کہ جنگ کے بجائے مذاکرات سے حقوق حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ایران اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل چاہتا ہے کہ جنگ کا سلسلہ جاری رہے تاکہ ایران پر دباؤ ڈال کر اسے ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جا سکے۔


































