
غزہ : اسرائیل غزہ کی پٹی کے انتہائی شمال میں ایک نئی ’ملٹری ڈیوائیڈنگ لائن‘ بنا رہا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ شمالی غزہ میں اسرائیل ایک نئی 9 کلو میٹر طویل ملٹری ڈیوائیڈنگ لائن تعمیر کر رہا ہے۔ حالیہ سیٹلائٹ تصاویر اور ویڈیوز ظاہر کرتی ہیں کہ اسرائیل کی جانب سے بحیرہ روم اور اسرائیل کی سرحد کے درمیان موجود سینکڑوں عمارتوں کو منہدم کیا جا چکا ہے۔ ان عمارتوں میں سے بیشتر کو دھماکہ خیز مواد کی مدد سے زمین بوس کیا گیا ہے۔ تصاویر میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیلی فوجی اور اُن کی گاڑیاں نئی ملٹری ڈیوائڈ لائن کے پار کھڑی ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تصاویر سے لگتا ہے کہ غزہ میں نئے ’زون‘ قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ اسے مستقبل میں کنٹرول کرنے میں آسانی رہے۔ اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ شمالی غزہ میں دہشت گردوں اور اُن کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا رہا ہے۔


































