
واشنگٹن : امریکا نے طالبان کو تسلیم کرنے کیلئے آئندہ ماہ ہونے والے اقوام متحدہ کے اجلاس کو مسترد کردیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہاکہ اس ملاقات کا مقصد کبھی بھی طالبان کو تسلیم کرنے پر بات کرنا نہیں تھا۔ اجلاس میں طالبان کو تسلیم کرنے کے حوالے سے کوئی بھی بات چیت ناقابل قبول ہو گی۔ یہ تردید اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکریٹری جنرل آمنہ محمد کے اس بیان کے بعد سامنے آئی جس میں کہا گیا تھا کہ یکم اور دو مئی کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دوحہ اجلاس میں طالبان کو تسلیم کرنےکامعاملہ ایجنڈے میں شامل ہوگا۔ طالبان واضح طور پر چاہتے ہیں کہ انہیں تسلیم کیا جائے اور یہی وہ چیز ہے کہ جو ہمیں انہیں خواتین اور دیگر مسائل پر اپنا رویہ بدلنے پر آمادہ کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے رینکنگ ممبر سینیٹر جم رِش نے ناصرف اس تجویز کو مسترد کردیا بلکہ اقوام متحدہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ اقوام متحدہ کو جاگنے کی ضرورت ہے، طالبان کو تسلیم کرنے کی کوئی بھی بات بالکل مضحکہ خیز ہے۔


































