
واشنگٹن : ایران سے جنگ میں امریکا کو میزائل اور ڈرون حملوں میں اربوں ڈالر کے فوجی سازو سامان کے نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق جنگ کے ابتدائی تین ہفتوں میں امریکی فوجی نقصان کا تخمینہ ایک اعشاریہ چار سے دو اعشاریہ نو ارب ڈالر تک لگایا گیا ہے۔ سابق پینٹاگون بجٹ اہلکار ایلاین مک کسکر کے مطابق متعدد جدید جنگی طیارے اور ڈرون تباہ یا شدید متاثر ہوئے۔ یکم مارچ کو تین ایف پندرہ ای لڑاکا طیارے کویتی طیارے کی فائرنگ سے گر کر تباہ ہوئے، جبکہ سولہ مارچ کو ایک ایف پینتیس اسٹیلتھ طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ عراق کی فضاء میں دو کے سی ایک سو پینتیس ری فیولنگ طیاروں کے تصادم میں چھ اہلکار ہلاک ہوئے۔ سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئر بیس پر ایرانی میزائل حملے میں پانچ ری فیولنگ طیارے بھی متاثر ہوئے۔ ایک درجن سے زائد ایم کیو نائن ریپر ڈرون تباہ ہوئے جبکہ سعودی عرب، قطر اور اردن میں امریکی اڈوں پر بھاری نقصان پہنچا۔ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ پر آگ لگنے کے بعد مرمت جاری ہے۔


































