
برسلز : بین القوامی فوجداری عدالت کے اسرائیلی قیادت کے وارنٹ کی درخواست کے معاملے پر یورپی یونین میں پھوٹ پڑگئی۔ فرانس نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ممکنہ وارنٹِ گرفتاری پر بین الااقوامی فوجداری عدالت کی حمایت کر دی۔ فرانسیسی وزارتِ خارجہ کےبیان میں کہا گیا ہے کہ ان کا ملک آئی سی سی کے فیصلوں اور اس کی آزادی کی حمایت کرتا ہے۔ بیلجیئم کی وزیر خارجہ حدجہ لہبیب نے آئی سی سی پراسیکیوٹر کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ یہ غزہ جنگ کی تحقیقات کے لیے اہم اقدام ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہاکہ رکن ممالک عدالت کے فیصلوں پر عمل درآمد کے پابند ہیں۔
چیک وزیر اعظم پیٹر فیالا نے کہا کہ اسرائیلی حکام کو وارنٹ کی درخواست میں شامل کرنا خوفناک اور قطعی طور پر ناقابل قبول ہے۔ جرمنی نے کہا کہ وہ آئی سی سی کی آزادی اور طریقہ کار کا احترام کرتا ہے تاہم اس کے کچھ خدشات ہیں۔ اس سے پہلے امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست کو اشتعال انگیزی قرار دیا تھا۔


































