
بیروت : حزب اللہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے اعلان کیا ہے کہ لبنان کو وجودی خطرہ لاحق ہے اور وہ آخری سانس تک جنگ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی سیکیورٹی آپریشن نہیں بلکہ لبنان اور اس کے عوام کو ختم کرنے کی جنگ ہے، اس لیے اسرائیلی قابضین کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات قبول نہیں۔ نعیم قاسم کا کہنا تھا کہ حزب اللہ میدانِ جنگ میں آخری سانس تک ڈٹی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ کامیابی کا مطلب میدان میں موجود رہنا اور دشمن کو نقصان پہنچانا ہے، اور اسی حکمت عملی کے تحت حزب اللہ اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے مطالبات پر مزاحمت پر دباؤ ڈالنا لبنانی ریاست کیلئے درست نہیں ہے۔ لبنانی فوج سے یہ توقع نہیں کی جانی چاہیے کہ وہ اپنی ہی عوام کے خلاف لڑے۔ اسرائیل کے ساتھ مذاکرات بے فائدہ ہے۔ لبنان کو گریٹر اسرائیل منصوبے کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت کو تسلیم نہیں کرتے۔ لبنانی حکام کو مزاحمت سے دستبردار نہیں ہونا چاہیے۔


































