
بیروت : حزب اللہ کے جنرل سیکریٹری سید حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات سے مزاحمت کی بڑھتی محبوبیت کا پتہ چلتا ہے۔ انتخابات میں عوام کی بڑے پیمانے پر شرکت اور اس کے نتائج، تحریک مزاحمت اور اس کے ہتھیاروں کی حمایت کا پیغام ہیں۔ایک ویڈیو پیغام میں حسن نصراللہ نے کہاکہ دھمکیوں اور خوف کا ہدف لبنانی عوام کو ڈرانا اور انہیں راہ سے بھٹکانا تھا لیکن اس کا نہ صرف یہ کہ کوئی نتیجہ نہیں نکلا بلکہ عوام نے بڑے پیمانے پر شرکت کرکے دھمکیوں کا دندان شکن جواب دیا۔ ہمیں اس کامیابی پر فخر ہے خاص طور پر ایسے وقت جب ہم دیکھ رہے ہیں کہ یہ کامیابی ایسے وقت ملی ہے جسے روکنے کے لئےخوب کوششیں کی گئیں۔سید حسن نصر اللہ نےانتخابات میں ایران کی مداخلت کے الزامات پر کہا کہ اگر آپ نے انتخابات میں ایرانی سفارتخانے کے کسی ملازم کی طرف سے مداخلت دیکھی، حالانکہ انتخابات کے دوران امریکی سفارت خانے کی طرف سے مداخلت نظر آئی اور انتخابات کے دوران سعودی عرب کے سفیر بہت سرگرم دکھائی دیئے۔


































