
ریاض : سعودی عرب میں سات سال بعد ایرانی سفارتخانے کےدروازے کھل گئے۔سعودی عرب میں سفارت خانے دوبارہ کھولنے کی راہ ہموار کرنے کےلیے ایرانی تکنیکی وفد ریاض پہنچا۔ وفد سعودی حکام سے ملاقات کے بعد ایرانی سفارتخانے گیا اور احاطے کے دروازے کھولنے کے بعد عمارت کا معائنہ کیا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نےکہا ہے کہ وفد سفارت خانے کےعلاوہ جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم میں ایرانی قونصل خانہ اور مشن کو دوبارہ کھولنے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔کوشش ہے کہ حج سے پہلے نمائندہ دفاتر کو فعال کردیا جائے۔ دوسری جانب سعودی وفد سفارتخانہ کھولنے پر بات چیت کیلئے تہران میں موجود ہے۔ وہ آج مشہد روانہ ہو گا تاکہ وہاں قونصل خانے کو دوبارہ کھولنے کا جائزہ لیا جاسکے۔ سعودی عرب نے 2016 میں تہران میں اپنے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پر مظاہرین کے حملے کے بعد ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کرلیے تھے۔


































