
ریاض : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کو سوڈان اور یمن سے متعلق سخت پیغام بھیج دیا ہے۔سعودی ولی عہد کے خط میں ابوظہبی کی پالیسیوں پر سخت تحفظات کا اظہار کیا گیاہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے مڈل ایسٹ آئی کی رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر تحنون بن زاید کو تفصیلی خط ارسال کیا ہے جس میں سوڈان اور یمن کے معاملات پر ریاض کی شکایات درج کی گئیں۔ امریکی اور مغربی حکام کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹ میں کہا گیا کہ سعودی عرب نے سوڈان کی جاری خانہ جنگی میں امارات کے کردار پر شدید تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ خط میں کہا گیا کہ ریاض اب اس صورتحال کو مزید برداشت نہیں کر سکتا جبکہ امارات نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز کی حمایت کر رہا ہے۔ سعودی ولی عہد نے یمن میں مداخلت کو قومی سلامتی کیلئے ناگزیر قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ یمن کو وہ اپنے دائرہ اثر کا حصہ سمجھتا ہے۔ خط میں ثالثی کیلئے اپنے بھائی اور وزیر دفاع خالد بن سلمان کے کردار کی تجویز بھی دی گئی۔


































