
تہران : ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں فلسطینی نمازیوں کے خلاف صیہونی فورسز کی پرتشدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ افغانستان میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کا ذمہ دار مغربی جاسوسی اداروں اور اسرائیلی حکومت کو ٹھہرایا ہے۔ شب قدر کےموقع پر خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے داعش دہشت گرد گروہ کو مغربی جاسوسی اداروں اور اسرائیلی حکومت کی پروردہ قرار دیا اور کہاکہ اب ہم ایسے جرائم کا مشاہدہ کر رہے ہیں، جو داعش کے ارکان کی طرف سے کیے گئے، مسجد اقصیٰ کے احاطے کے ساتھ ساتھ افغانستان کی مساجد میں مسلمانوں اور نمازیوں کے خلاف کیے جا رہے ہیں۔ایران کے صدر نے افغان حکام پر زور دیا کہ وہ اقلیتی شیعوں سمیت تمام افغانوں کی زندگیوں کا تحفظ کریں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم افغانستان کے موجودہ حکمرانوں سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ مسلمانوں کی جانوں کی حفاظت کریں، جو مساجد میں روزے کی حالت میں مارے جا رہے ہیں، اور ایسے بدمعاش عناصر کو روکیں جو عام لوگوں اور عوامی سلامتی کو شیطانی طور پر نشانہ بناتے ہیں۔


































