
جدہ : اسلامی تعاون تنظیم۔ عرب لیگ اور افریقی یونین کمیشن نے رمضان المبارک میں مسجد اقصیٰ کی مسلسل بندش کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکانے والا اقدام قرار دیا ہے۔ تینوں تنظیموں نے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ مسجد الاقصیٰ کی تالا بندی اسلامی اور عیسائی مقدس مقامات کے موجودہ تاریخی اور قانونی حیثیت کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اسلامی امت کے مذہبی حقوق اور ورثے پر حملہ ہے اور عبادت کی آزادی اور مقدس مقامات کی حرمت کی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض طاقت اسرائیل اس غیر قانونی اور اشتعال انگیز اقدام کے تمام نتائج کی مکمل ذمہ داری رکھتی ہے۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر یہ اقدامات جاری رہے تو تشدد اور کشیدگی میں اضافہ ہو گا اور علاقائی و بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گا۔ بیان میں بین الاقوامی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کہا گیاکہ وہ اسرائیل کو عبادت کی آزادی کا احترام کرنے اور مقدس مقامات کی موجودہ قانونی اور تاریخی حیثیت کی حفاظت کرنے پر مجبور کرے، فوری طور پر مسجد اقصیٰ کے دروازے کھولے جائیں۔


































