
اسلام آباد: اتحادی حکومت نے سپریم کورٹ کا فیصلہ ماننے سے انکار کردیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سپریم کورٹ کے پنجاب میں الیکشن سے متعلق فیصلے پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو ضامن یا ثالث بننے کا حق نہیں دے سکتے آج بھی حکومت اور پارلیمان تین چار کا فیصلہ آئینی و قانونی سمجھتی ہے۔ لیکن سپریم کورٹ تین رکنی بنچ کے ساتھ معاملات آگے لے جانا چاہتی ہے۔ پارلیمنٹ بالادست ادارہ ہے اس کے فیصلوں کو تسلیم کرنا پڑیگا۔ الیکشن کے فنڈز کا معاملہ دوبارہ پارلیمان میں آئے گا اور وہی اسے حل کرے گی، کسی بھی ممکنہ عدالتی فیصلے کے پیش نظر پارلیمنٹ کا فورم استعمال کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ اتحادی متفق ہیں کہ 13 اگست کو پارلیمنٹ کی مدت پوری ہورہی ہے ، الیکشن کی تاریخ اکتوبر یا نومبر میں بنتی ہے۔پی ٹی آئی سے مذاکرات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پی ٹی آئی کے ایجنٹس پاکستان کے دشمن ہیں، تاہم ہمیں گفتگو کا دروازہ بند نہیں کرنا چاہیے، اسپیکر قومی اسمبلی کے ذریعے پی ٹی آئی سے بات ہوسکتی ہے، پارلیمانی کمیٹی معاملے کو دیکھ سکتی ہے اور پارلیمنٹ میں گنجائش پیدا کرسکتی ہے۔


































