
واشنگٹن : امریکی سینیٹ میں مغربی کنارے کو اسرائیل کا حصہ قرار دینے سے متعلق متعصبانہ قانون متعارف کرادیا گیا۔ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی سینیٹر ٹام کاٹن نے سینیٹ میں بل پیش کیا ہے جس کے تحت حکومت پر اسرائیلی مقبوضہ علاقے کیلئے مغربی کنارے کی اصطلاح استعمال کرنے کی ممانعت ہوگی۔ بلکہ علاقے کے لئےاسرائیل کے پسندیدہ نام یہودا اور سامریہ کا حوالہ دینے کی پابند ہوگی۔ سینیٹر ٹام کاٹن نے کہا کہ اس تبدیلی کے لیے تاریخی طور پر درست اصطلاحات کے استعمال کی ضرورت ہوگی۔ یہودا اور سامریہ پر یہودیوں کے قانونی اور تاریخی حقوق ہزاروں سال پرانے ہیں۔ سینیٹر نے کہا کہ امریکہ کو اسرائیل کے بائبلی مرکز کا حوالہ دینے کے لیے سیاسی طور پر رائج اصطلاح مغربی کنارے کا استعمال بند کر دینا چاہیے۔ کلاڈیا ٹینی نے مارچ میں یہی بل ایوان نمائندگان میں متعارف کرایا تھا، لیکن خارجہ امور کمیٹی کو بھیجنے کے بعد اس پر کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔


































