
صنعا: سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان 900 قیدیوں کے تبادلے کا آپریشن شروع ہوگیا۔ یمنی حکومت کے 70 قیدیوں کو لیکر پہلی پرواز عدن پہنچی تو حکام نے ان کا استقبال کیا۔ رہائی پانے والے یمنی حکومت کے قیدیوں میں سابق وزیر دفاع جنرل محمود الصبیحی اور سابق صدر منصور ہادی کے بھائی جنرل ناصر منصور ھادی بھی نمایاں نام ہیں۔بین الاقوامی کمیٹی آف ریڈ کراس کے مطابق اس کے طیارے قیدیوں کو یمن اور سعودی عرب کے چھ شہروں کے درمیان لانے اور لے جانے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ریڈ کراس کے مطابق قیدیوں کے تبادلے کے لیے یمنی شہر عدن اور صنعا کے درمیان دو مرحلوں میں پروازیں چلائی جائیں گی۔قیدیوں کو یمن اور سعودی عرب کے مختلف شہروں سے لایا اور لے کر جایا جائے گا۔ تبادلے کے تمام مراحل کے دوران ہماری ٹیمیں ساتھ موجود ہوں گی۔ معاہدے کے تحت حوثی حکومتی فورسز کے زیر حراست 706 قیدیوں کے بدلے 181 قیدیوں کو رہا کردیں گے۔


































