
جدہ : اسلامی تعاون تنظیم نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ مسجد اقصیٰ پر کسی بھی قسم کے حملے کے سنگین نتائج نکلیں گے۔
او آئی سی کا غیرمعمولی اجلاس سیکریٹری جنرل کی زیر صدارت جدہ میں ہوا جس میں اسرائیلی وزیر کے مسجد اقصیٰ کے اشتعال انگیز دورے کی مذمت کی گئی ہے اور مسئلہ فلسطین کی مرکزی اہمیت کا اعادہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پامال کرتے ہوئے صیہونی وزیر کے مسجد اقصیٰ کے دورے سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ بیت المقدس پوری اسلامی امہ کے دل کے قریب ہے۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حساس مقدس مقام کے تقدس کی خلاف ورزی کرنے پر صیہونی وزیر پر پابندیاں عائد کی جائیں۔ او آئی سی نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں نبھائے اور مقبوضہ مشرقی یروشلم میں خطرناک اسرائیلی پیشرفت کو روکے۔


































