
قاہرہ : عرب لیگ نے القدس اور مسجد اقصی کے دفاع کے لیے اسلامی تعاون تنظیم کے تعاون سے بھر پور سفارتی مہم چلانے کا اعلان کردیا۔ قاہرہ میں عرب لیگ نے ہنگامی اجلاس میں مسجد اقصیٰ پر حملے کو انسانی اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اجلاس میں فلسطینی عوام کی سلامتی اور مقدس مقامات کے خلاف اسرائیل کے جارحانہ اقدامات رکوانے اور عرب و بین الاقوامی اقدام کے حوالے سے غورکیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ القدس کے دفاع کیلئے اسلامی تعاون تنظیم اور عرب لیگ مشترکہ سفارتی مہم چلائیں گے۔ عرب سفرا اور عرب لیگ کے سفارتی مشن دنیا کے بڑے اور موثر ممالک تک عربوں کے جذبات پہنچائیں گے ۔عرب لیگ نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے اور عبادت کی آزادی کے ان کے حق کے تحفظ کےلیے اسرائیلی جارحیت فوری بند کرانے کے لیے اپنا قانونی، اخلاقی اور انسانی کردار ادا کرے۔ اس سے پہلے سعودی عرب ۔ ایران۔ترکیہ اور پاکستان سمیت مسلم دنیا نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی اور خبردار کیا کہ اسرائیلی حملے سے امن کوششوں کو نقصان پہنچےگا۔


































