
صوابی : عمران خان نے کہا کہ ہم نے امریکی جنگ میں قربانیاں دیں، امریکا نے پاکستان کا شکریہ تک ادا نہیں کیا، تھری اسٹوجز نے 10 سال حکومت کی، تو پاکستان پر 400 ڈرون اٹیک ہوئے۔ڈرون حملوں کے بعد مدد کے لیے آنے والوں پر بھی حملے کیے گئے،صوابی میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہاکہ سابق حکمرانوں میں جرات نہیں تھی، کہ مغرب سے کہتے کہ اپنے ملک کے دہشت گردوں پر ڈرون اٹیک کریں۔ باجوڑ ڈرون حملے میں مدرسے کے 64 بچے مارے گئے، دنیا کا کوئی قانون ایسے حملوں کی اجازت نہیں دیتا، ہم امریکی غلاموں کی حکومت کسی طور تسلیم نہیں کریں گے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ایف آئی اے ہماری آنکھوں کے سامنے تباہ ہو رہا ہے، شہباز شریف کے خلاف ایف آئی اے نے بڑی محنت سے کیس بنائے تھے، ایف آئی اے کا ایک افسر ڈاکٹر رضوان ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گیا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ بعد میں بتاؤں گا کہ کھانے میں زہر ملایا جائے تو ہارٹ اٹیک ہوجاتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ جب قوم کی اخلاقیات ختم ہوتی ہے، اچھے برے کی تمیز ختم ہوتی ہے تو قوم مرجاتی ہے، قوم پہلے اخلاقی طور پر مرتی ہے، معاشی موت اس کے بعد ہوتی ہے، آج کی کابینہ کے 60 فیصد لوگ ضمانتوں پر ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا صرف ایک مطالبہ ہے کہ الیکشن کروائے جائیں، تاکہ عوام فیصلہ کریں کہ ملک کی قیادت کون کرے گا۔


































