
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔وزیراعظم آفس اعلامیہ کے مطابق گفتگو میں انتہائی گرمجوش اور دوستانہ ماحول میں خطے کی صورتحال اور امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے گیارہ اور بارہ اپریل کے مذاکرات میں ایرانی وفد کی شرکت اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کے حالیہ دورہ پاکستان کو سراہا۔ وزیراعظم نے آگاہ کیا مختلف عالمی رہنماؤں سے رابطوں کا مقصد خطے میں پائیدار امن کے لیے وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کے دورہ تہران کو بھی مفید قرار دیا اور باور کرایا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔ ایرانی صدر نے امن کے قیام کے لیے وزیراعظم ، فیلڈ مارشل اور اسحاق ڈار کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔ پاک ایران برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہاربھی کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


































